سٹی 42: مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے انکشافات سے قوم کا دماغ چکرا کر رہ گیا،عمران خان کے چہرے سے نقاب اتر چکا ہے، چوری نہیں کی تھی تو تلاشی کیوں نہیں دے دیتے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں 26 میں سے صرف4 اکاﺅنٹس ڈکلیئر کئے گئے ،تحریک انصاف کو امریکا برطانیہ کینیڈا اور یواے ای سے فنڈنگ ملی ،پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے حقائق جان بوجھ کر چھپائے گئے ۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ پاکستان کی تاریخ کے اندر کسی سیاسی جماعت یا کسی سیاسی جماعت کے سربراہ اور کسی لیڈر کے خلاف اس قسم کے الزامات تو دور کی بات ہے بلکہ الزامات کی ناقابل تردید ثبوت سامنے آئے ہیں یہ ہم نے پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں دیکھی۔مریم نواز نے کہا کہ رپورٹ کا جواب دینے کے بجائے جماعت کو کہتے ہیں برانڈ عمران خان کو عوام کے سامنے اجاگر کیا جائے، تو آپ کا برانڈ یہ ہے کہ نالائقی، نااہلی، کرپشن، جھوٹ، سازش، لوٹ مار، ہوش ربا مہنگائی، معاشی تباہی، بے روزگاری، غیرقانونی فنڈنگ کا مجرم بننا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ برانڈ کھل کر سامنے آچکا ہے اور اب جس طرح بھاگتے رہے ہیں اور راہ فرار اختیار کرتے رہے ہیں اب اس کا موقع نہیں ملے گا۔الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق پی ٹی آئی کے 26 اکاؤنٹ تھے، جن میں سے 18 اکاو¿نٹس فعال تھے، اس میں سے صرف 4 اکاؤنٹ الیکشن کمیشن میں ڈیکلیئر کئے ہیں۔