سعدیہ خان: لاہور میں بادلوں کا راج برقرار، آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارش کے امکانات ہیں۔
دن بھر شہر لاہور کو بادلوں نے اپنی آغوش میں لیے رکھا ہوائیں چلنے سے درجہ حرارت 14 ڈگری تک پہنچ گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 75 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کے روز لاہور میں اچھی بارش ہوگی، بارش برسنے کے امکانات 85 فیصد ہیں جبکہ ہفتے کے روز بھی بارش کے امکانات 80 فیصد سے زائد ہیں۔
ہوائیں چلنے سے لاہور کی فضا سے گرد کے بادل چھٹ گئے، ایئر کوالٹی انڈکس 100 رہا جبکہ درجہ حرارت کم ہونے اور نمی بڑھنے سے پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند بھی پڑی۔
رواں ہفتے ہونے والی بارشوں کے بعد لاہور ایک بار پھر دھند کی لپیٹ میں آسکتا ہے، اتوار کے روز سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہے گا جبکہ موجودہ سسٹم جنوری کے آخری ہفتے تک رہنے کا امکان ہے بعد ازاں موسم بدلنا شروع ہوجائے گا۔