ویب ڈیسک: عثمان ڈار بمقابلہ مریم نواز ، نوجوانوں کو زیادہ قرض کس نے دیا؟ رپورٹ جاری کردی گئی، تحریک انصاف نے سڑکوں کی تعمیر کے بعد ن لیگ کی حکومت کا ایک اور ریکارڈ توڑ دیا، تحریک انصاف کی حکومت نے 2 سال میں نوجوانوں کو مسلم لیگ ن کے پانچ سالہ دور سے زیادہ قرض دے دیئے۔
کامیاب جوان پروگرام نے محض دوسال میں نوجوانوں میں 30 ارب روپے کی تقسیم مکمل کرلی، کامیاب جوان پروگرام کی شاںدار کارکردگی رپورٹ تیار کرکے وزیر اعظم کوبھی پیش کردی گئی۔ کورونا کے باعث سال 2020 میں قرض کی تقسیم کا عمل متاثر ہوا، جس کی کمی 2021 میں پوری ہوگئی پاکستان تحریک انصاف نے 30 ارب میں سے 27 ارب روپے کے قرض صرف ایک سال میں تقسیم کئے۔
مسلم لیگ ن نے نوجوانوں میں اپنے پانچ سالہ دور حکومت میں 26 ارب 80 کروڑ روپے تقسیم کئے، 50 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں اور روزگار میں دیا گیا، نوجوانوں میں قرض آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں میں یکساں طور پر تقسیم کئے گئے۔ وزیراعظم عمران خان نے کامیاب جوان پروگرام کی اہم کامیابی پر عثمان ڈار کو شاباش دی۔