کورونا سے مزید 5افراد جان کی بازی ہار گئے

 کورونا سے مزید 5افراد جان کی بازی ہار گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک : ملک بھر میں کورونا سے مزید 5افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک ہزار 85 نئے کیسز رپورٹ کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق این سی او سی نے کورونا کے حوالے سے نئے اعداد شمار جاری کردیئے ۔این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ روز کورونا کے باعث مزید 5 افرادچل بسے جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹے میں 46 ہزار 585 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے، جن میں 1 ہزار 85 کیسز مثبت نکلے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 2 اعشاریہ 32 فیصد رہی۔ اس وقت 636 افراد تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔

 دوسری جانب پانچ روز میں دنیا بھر میں ایک کروڑ کے قریب کیسز ریکارڈ سامنے آئے، امریکہ میں پانچ لاکھ 42 ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ جبکہ فرانس میں 3 لاکھ 32 ہزار نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ برطانیہ میں ایک لاکھ 94 ہزار،اسپین میں ایک لاکھ 37 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ، اسی طرح اٹلی میں کورونا کیسز کی تعداد 1 لاکھ سے تجاوز کر گئی، رپورٹ کے مطابق اٹلی میں ایک لاکھ 90 کے قریب نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ارجنٹائن میں 95 ہزار، بھارت میں 87 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے۔

 عالمی وبا قرار دیئے  جانیوالے کورونا وائرس کی نئی اقسام ڈیلٹا اور اومیکرون سے ابھی دنیا پوری طرح نمٹ نہیں پا رہی ہے کہ فرانس میں ایک اورنئی قسم دریافت ہو گئی ہے۔  امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق فرانس میں دریافت ہونے والے کورونا کی نئی قسم کا نام ڈاکٹروں اور سائنسدانوں نے آئی ایچ یو رکھا ہے۔

فرانسیسی سائنسدانوں کے مطابق 46 جینیاتی تبدیلیوں والا کرونا وائرس کے نئے ویرینٹ آئی ایچ یو (B16402) سے اب تک کل 12 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق فرانس میں دریافت ہونے والے کورونا کی نئی قسم کا نہایت باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کس قدر خطرناک ہے؟