(سٹی 42) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ناقص کارکردگی کے باعث قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے فارغ کرنے کا پلان بنا لیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی نیوزی لینڈ میں بری پرفارمنس کو مدنظر رکھتے ہوئے پی سی بی نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ کر لیا ہے ، مصباح الحق کی جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز ممکنہ طو ر پر آخری ہوگی،ذرائع کے مطابق مصباح الحق کی جگہ غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے، ان غیرملکی کوچز میں زمباوے کے گرانٹ فلاور اور جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن کے نام ممکنہ امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کو نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑاہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 176 رنز کی بدترین شکست سے دوچار کیا جبکہ پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 101 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔