9فروری صبح فجر کے بعد فوری طورپر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے، وزیراعلیٰ پنجاب

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

علی رامے : پنجاب حکومت کی جانب سے 8 فروری کو موبائل اور انٹرنیٹ کو بحال رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، انتخابات کے روز  کسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہو گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت صوبے میں الیکشن انتظامات کے سلسلے میں خصوصی اجلاس طلب کیا گیا۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس نے پنجاب بھر میں پولنگ ڈے پر کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ تمام ڈویژنل کمشنرز نے وزیراعلی پنجاب اور صوبائی الیکشن کمشنر کو پولنگ ڈے پر انتظامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ 

انٹر نیٹ و موبائل سروس بحال رکھنے کا فیصلہ:
محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ڈے پر انٹر نیٹ سروس اورموبائل سروس ہر جگہ چلتی رہے گی۔ کسی جگہ بھی انٹرنیٹ وموبائل سروس بند نہیں ہو گی۔

9 فروری کے متعلق اہم احکامات :

وزیراعلیٰ پنجاب نے 9 فروری کے حوالے سے اہم احکامات جاری کردیے، کہنا ہے کہ 9فروری صبح فجر کے بعد فوری طورپر شہروں کی صفائی شروع کر دی جائے۔ 9فروری کو تمام علاقوں سے بینرز اورپوسٹرز ہٹا ئے جائیں۔ متعلقہ سیکرٹریزبینرز،پوسٹرز ہٹانے کے عمل کی نگرانی کریں۔ 9فروری کی شام کو تمام علاقوں کو کلیئر کرنے کے بعد رپورٹ دی جائے۔ 9فروری کی صبح سے کام شروع کر دیا جائے، تمام شہرصاف ستھرے چاہئیں۔ چیف سیکرٹری،آئی جی اور صوبائی الیکشن کمشنر سے رابطہ رکھا جائے۔

شفاف الیکشن کے حوالے سے خصوصی حدایات: 
وزیراعلیٰ پنجاب نے پولنگ سیٹشنز پر 32ہزار سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کے کام کو آج رات12بجے تک ہر صورت مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامی افسران شفاف الیکشن کیلئے فیلڈ میں اپنے فرائض سرانجام دیں۔ سکیورٹی انتظامات اور نفری،ایس او پیز کے مطابق ہونے چاہئیں۔ الیکشن کمشن کے ضابطہ اخلاق پر پابندی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ پنجاب حکومت نے سی سی ٹی وی کیمرے خرید کر 1ارب روپے کی بچت کی ہے جس پر پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔
کنٹرول رومز فعال کرنے کی ہدایت: 
وزیراعلی محسن نقوی نے کنٹرول رومز کو فعال کرنے کی ہدایت کردی، ان کا کہنا ہے کہ کسی بھی شکایت پر فوری کارروائی کرکے ازالے کا موثر میکانزم بنایا جائے۔ پرامن اور آزادانہ انتخابات قومی ذمہ داری ہے،آپ سب نے ایک ٹیم کے طور پر یہ ذمہ داری ادا کرنی ہے۔ 
چیف سیکرٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس،صوبائی الیکشن کمشنر،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،سیکرٹری داخلہ، سیکرٹریزلوکل گورنمنٹ،ٹرانسپورٹ، خزانہ،سی سی پی او، ایم ڈی پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی،کمشنر لاہور،ڈپٹی کمشنراور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اس کے علاوہ پنجاب بھر کے ڈویژنل کمشنرز،آر پی اوز،ڈی پی اوز اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسرز ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔