ترکیہ اور شام میں زلزلے سے تباہی، 2200 افراد جاں بحق، کئی عمارتیں منہدم

ترکیہ اور شام میں زلزلے سے تباہی، 2200 افراد جاں بحق، کئی عمارتیں منہدم
کیپشن: File Photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: ترکیہ کی 100 سالہ تاریخ کا سب سے بڑا زلزلہ، ترکیہ اور شام میں شدید زلزلے کے باعث 2200 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک ہزار سے زائد زخمی ہیں، کئی عمارتیں بھی ملبے کا ڈھیر بن گئیں، بڑے پیمانے پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

 امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.9 ریکارڈ کی گئی ہے۔ زلزلے کا مرکز ترکیہ سے جنوب میں غازی انٹپ صوبے کے علاقے نرداگی میں تھا، جبکہ زلزلے کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے شدید ترین جھٹکے ایک منٹ تک محسوس کیے گئے، جھٹکوں کے باعث لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔

زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، شام، اردن،لبنان اور فلسطین میں بھی محسوس کیےگئے ہیں۔فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق ترکی میں زلزلے کے باعث  درجنوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونےکا بھی خدشہ ہے۔

ترکیہ کے نائب صدر نے ملک میں زلزلے سے اموات کی تعداد 284 تک جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے کے بعد غازی انتپ اور حاطے ائیرپورٹ پر سول پروازیں معطل کردی گئی ہیں۔اس کے علاوہ ترک صدر طیب اردون میں ملک میں ہولناک زلزلے کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کردیا ہے۔

ترک صدر طیب اردون نے زلزلے سے متاثر تمام شہریوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ امید ہے کہ جلد از جلد اور کم سے کم نقصان کے ساتھ مل کر اس آفت سے نکل جائیں گے۔ترک میڈیا کے مطابق زلزلے کے باعث  ترک صوبہ حاطے میں قدرتی گیس پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی، احتیاطی تدابیر کے طور پر حاطے میں قدرتی گیس کی فراہمی روک دی گئی ہے۔

ترک ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایجنسی کا کہنا ہے کہ  زلزلےکےبعد سےاب تک66 آفٹرشاکس محسوس کیےگئے ہیں۔ترک میڈیا کا کہنا ہےکہ  آذربائیجان سے سرچ ریسکیو کے 370 ماہرین ترکیہ پہنچ رہے ہیں جب کہ  امریکا نے بھی ترکیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنےکی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ امریکا ترکیہ کی ہر طرح کی مدد کے لیے تیار ہے۔

واضح رہے کہ ترکیہ میں 1939 میں بھی 7.8 شدت کا زلزلہ آیا تھا جس میں 30 ہزار افراد زندگی کی بازی ہار گئے تھے، ترکیہ میں25 سال کے دوران 7 یا اس سے زیادہ شدت کے7 زلزلے آئے۔

زلزلے کے آفٹر شاکس ترکیے کے وسطی علاقوں میں بھی محسوس کئے گئے، جن کی شدت 6.7 ریکارڈ کی گئی، آفٹر شاکس تقریباً 11 منٹ بعد محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکے قبرص، یونان، اردن اور لبنان میں بھی محسوس کئے گئے۔

اے ایف پی کے مطابق زلزلے نے شام میں بھی شدید تباہی مچائی ہے جہاں عمارتیں گرنے سے 230 سے زائد افراد ہلاک او ر 600 سے زخمی ہوئے ہیں۔شامی حکام کے مطابق زلزلےکے جھٹکے شام کے صوبوں حما، حلب اور  لتاکیہ میں محسوس کیےگئے، ہلاکتوں میں مزید اضافےکا بھی خدشہ ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ترکیہ کی حکومت اور عوام سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار تعزیت کیا ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہےکہ مشکل گھڑی میں ترکیہ کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیں، پاکستان اپنے برادر عوام اور حکومت کی ہر ممکن مدد کرےگا، ترکیہ نے ہرمشکل میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔