سی سی پی او لاہور کی جرائم پیشہ افراد کو ایک بار پھر وارننگ

سی سی پی او لاہور کی جرائم پیشہ افراد کو ایک بار پھر وارننگ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42: لاہور پولیس نے دس کروڑ سے زائد مالیت کی چوری شدہ گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردیں، سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے ایک مرتبہ پھر جرائم پیشہ افراد کو شہر چھوڑنے کی وارننگ دے دی۔

اینٹی وہیکل اسکواڈ نے شہر کے پارکنگ سٹینڈز، مارکیٹوں اور پبلک مقامات سے چوری ہونے والی کروڑوں روپے مالیت کی سات سو سے زائد موٹر سائیکل اور باون گاڑیاں برآمد کرلیں۔ 158 ملزمان بھی پولیس کی گرفت میں آگئے۔ 

سی سی پی او لاہور نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ملزمان چوری شدہ گاڑیوں کو ٹمپر اور جعلی رجسٹریشن بکس تیار کر کے فروخت کر دیتے تھے۔ سربراہ لاہور پولیس نے شہریوں کو گاڑی اور موٹر سائیکلز پارکنگ کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی  اور ساتھ ہی جرائم پیشہ افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عہد بھی کیا۔

دوسری جانب صدر اور اقبال ٹاؤن پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف انفارمیشن بیسڈ انٹیلیجنس آپریشن کیا، پولیس حکام کے مطابق انفارمیشن بیسڈ انٹیلیجنس آپریشن صدر اور اقبال ٹاؤن ڈویژن کے مختلف علاقوں میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران مجموعی طور پر خاتون سمیت 78 منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے۔

ملزموں کے قبضے سے 39 کلو چرس، 11 سو لیٹر شراب برآمد کی گئی۔ ملزموں نے دوران تفتیش درباروں، تعلیمی اداروں اور ہوٹلز کے اطراف منشیات فروخت کرنے کا انکشاف کیا ہے، تاہم ان سے مذید تفتیش جاری ہے۔

ادھر ساندہ پولیس نے کارروائی کر کے ہوٹل اور شاپنگ مالز کے باہر منشیات فروخت کرنے والے دو ملزم گرفتار کرلیے۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر ملزم صمد اور اصغر کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضے سے ڈیڑھ کلو چرس برآمد کی گئی۔

 پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمان شہر کے دیگر علاقوں میں بھی منشیات فروشی کا کاروبار کرتے تھے۔ ملزموں کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ مزید کارروائی جاری ہے۔