علی ساہی: لاہور پولیس کی ون فائیو ہیلپ لائن شہریوں کیلئے مذاق بن گئی، گزشتہ ماہ مدد کے لئے موصول ہونے والی 2 لاکھ 40 ہزار کالز میں سے 1 لاکھ 51 ہزار کالز غیرمتعلقہ کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جنوری کے ون فائیو(15) کالز کے اعداد و شمار کے مطابق 2 لاکھ 40 ہزار 418 کالز موصول ہوئیں جن میں 1 لاکھ 51 ہزار 812 غیر متعلقہ کالز کی گئیں۔ مختلف معلومات کے حصول کیلئے 30 ہزار 543 کالز موصول ہوئیں جبکہ ٹوٹل موصول شدہ کالز میں سے 42 ہزار 825 کالز پر پولیس کی مدد فراہم کی گئی جبکہ ٹریفک سے متعلقہ 4 ہزار 562 کالز پر رہنمائی کی گئی۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے لاسٹ اینڈ فاؤنڈ سینٹر کی مدد سے 08 گمشدہ افراد کو اپنوں سے ملوایا گیا۔ اس کے علاوہ ایک ماہ میں 188 موٹر سائیکلز، 10 گاڑیاں اور 04 رکشہ کی نشاندہی کرکے مالکان کے حوالے کروائے گئے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی حکام کا کہنا تھا کہ شہری 15 پر غیر ضروری کالز سے اجتناب کریں۔
دوسری جانب لاہور کی کیمپ جیل کے 31 سمیت صوبہ بھر میں 645 کم عمر قیدیوں کی بیرکس کو بحالی مراکز کا درجہ دیدیا گیا ہے۔ جیل میں آنیوالے کم عمر بچوں کو بحالی مرکز منتقل کیا جائے گا۔ کم عمر قیدیوں کی وارڈز باقی جیل سے مکمل طور پرعلیحدہ ہوگی۔ کوئی بھی قیدی کم عمر بچوں کی بیرک میں کسی بھی کام کیلئے نہیں جائے گا۔
جیل کےغیرمتعلقہ سٹاف کو بھی کم عمر قیدیوں کی بیرک کی رسائی نہیں ہوگی، کم عمر قیدیوں کی تربیت وتعلیم پرائیویٹ اداروں سے کروائی جائے گی۔ رہائی کے بعد بھی بہتر مستقبل کیلئے متعلقہ ادارہ نظر رکھے گا۔ لاہور کی ڈسٹرکٹ جیل سمیت دیگر جیلوں میں بیرکس کو بحالی مراکز یا شیلٹر ہاوسز کا درجہ دینے کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ آئی جی جیل مرزاشاہدسلیم بیگ نےعدالتی احکامات کے بعد تمام سپرنٹنڈنٹس کو فوری عملدرآمد کا حکم دیدیا۔