(ملک اشرف)لیگی رہنمارانا ثناءاللہ کے آمدن سے زائد اثاثوں کامعاملہ، نیب میں راناثناءکے اثاثوں کی تحقیقات جار ی ہیں، راناثناء اللہ نے گرفتاری سے بچنے کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ نے رانا ثناء اللہ کی آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کیلئے 9 فروری کی تاریخ مقررکردی ،جسٹس سردار محمدسرفراز ڈوگر اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بنچ رانا ثناءاللہ کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں 13 جنوری کو دو رکنی بنچ کی عدم دستیابی کے باعث کیس کی سماعت نہیں ہو سکی تھی، لیگی رہنماءرانا ثناءاللہ اپنے وکیل امجد پرویز ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت عالیہ میں دورکنی بنچ کے روبرو پیش ہوں گے۔
رانا ثناءاللہ کی درخواست میں چیئرمین نیب سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیاگیا ہے کہ نیب آمدن سے زائد اثاثوں کے الزام کے تحت انکوائری کر رہا ہے، چیئرمین نیب نے اپنے اختیار سے تجاوز کرتے ہوئے انکوائری کی منظوری دی۔
نیب کی جانب سے طلبی کے نوٹسز بھجوائے گئے ہیں، نیب ان اثاثوں کی تحقیقات کر رہا ہے جن پر اے این ایف نے منشیات سمگلنگ کی رقم سے بنانے کا الزام لگایا گیا ہے، نیب کی طلبی نوٹسز کے بعد مسلسل نیب آفس میں پیش ہو رہا ہوں، انکوائری کے دوران نیب کی طرف سے طلبی پر پیش ہوں گا، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عبوری ضمانت کنفرم کرنے کا حکم دیا جائے۔