عثمان خان:الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف دائر درخواستیں سماعت کے لئے مقرر کر دیں.
الیکشن کمیشن آف پاکستان پی ٹی آئی کے نئے انٹرا پارٹی انتخابات کے حوالے سے دائر 11درخواستوں پر سماعت 8 دسمبر بروز جمعہ صبح 10 بجےہوگی۔
واضح رہےکہ پی ٹی آئی کے بانی راہنما اکبر شیر بابر نے 5 دسمبر کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کئے تھے. پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن چیلنج کرنے والوں میں راجہ طاہر نواز عباسی، یوسف علی، محمود احمد خان، مس نورین فاروق خان شامل ہیں. صباح زاہد، راجہ حامد زمان خان، محمد شاہ فہد، محمد مزمل سندھو، بلال اظہر اور جہانگیر خان نے بھی پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کو چیلنج کیا تھا.درخواست گزاروں نے پی ٹی ائی کے 2 دسمبر کے پارٹی انتخابات کو جعل سازی، فراڈ اور ڈھونگ قرار دیا تھا۔
درخواست گزاروں نے 2 دسمبر کے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کالعدم قرار دینے کی استدعا کر رکھی ہے۔ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کےلئے پی ٹی آئی کے اندر شفاف الیکشن کمشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔ درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن سے پی ٹی ائی انٹرا پارٹی الیکشن کے لئے تیسرے فریق کی تعیناتی اور نگرانی کی بھی استدعا کی ہے۔