( قذافی بٹ ) پنجاب کے وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے شہباز شریف کو شہزاد اکبر کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا چیلنج دے دیا، کہتے ہیں کہ ن لیگ میں کرپشن کی ٹیکنالوجی شہبازشریف کے پاس ہے، 2008 میں حکومت میں آنے کے بعد شہبازشریف کی جائیداد میں 70 فی صد، سلمان شہباز 800 گنا جبکہ حمزہ شہباز کی جائیداد میں 20 فی صد اضافہ ہوا۔
ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے شہباز شریف اور ان کے خاندان پر ایک بار پھر کرپشن کے الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ 32 کمپنیوں کے ذریعے شہبازشریف خاندان نے اربوں روپے کی کرپشن کی۔ اب ن لیگ کرپشن کی دولت اور سیاست بچانے کیلئے جھوٹ بول رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کے مرکزی کردار شہباز شریف ان کی فیملی اور فرنٹ مین ہیں جن کی جائیدادوں میں ناقابل یقین اضافہ ہوا۔
اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ اب شریف فیملی کو کرپشن کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے- انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کرپشن ٹیکنالوجی کے آئن سٹائن ہیں، شہباز شریف اب لندن میں کرپشن ٹیکنالوجی کی یونیورسٹی کھولیں گے، انکی سیاست دفن ہوچکی ہے۔ برطانیہ سے رقم کی پاکستان منتقلی پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کچھ باتیں کانفی ڈینشل ہیں، اتنا کہوں گا کہ 200 ملین مزید آنے والے ہیں۔