(شاہد ندیم سپرا): شہر کے پوش علاقوں میں وسیع پیمانے پربجلی چوری کا انکشاف ہوا ہے، جی او آر، گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی چوری کی شرح 20 سے 43 فیصد تک پہنچ گئی، 1750 میں سے 687 فیڈرز پر 60 فیصد تک بجلی چوری ہونے لگی۔
لیسکو ذرائع کے مطابق لاہور شہر کے پوش علاقوں میں وسیع پیمانے پر بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، لیسکو کے 687 فیڈرز پر 60 سے 60 فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے، کمپنی مجموعی طور پر 1750 فیڈرز سے 42 لاکھ صارفین کو بجلی فراہم کرتی ہے، کمپنی کے 1750 میں سے 687 فیڈرز پر بجلی چوروں کا راج ہے، شہر میں جی او آر اور گلبرگ کے علاقوں میں 43 فیصد تک بجلی چوری ہو رہی ہے، اسی طرح گنجان آباد علاقوں میں بھی بجلی چوروں نے کارروائیاں شروع کر رکھی ہیں تاہم لیسکو بجلی چوروں کیخلاف موثر آپریشن کرنے میں ناکام نظر آ رہی ہے، شہر کے مضافاتی علاقوں میں 50 فیصد سے زائد تک بجلی چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، واہگہ سے ملحقہ علاقوں میں بجلی چوروں کیخلاف کارروائیاں غیر موثر نظرآ رہی ہیں۔
سٹی 42 نے کمپنی کے ہائی لاسز فیڈرز کی فہرست حاصل کر لی، ذرائع نے بتایا کہ نیپرا یکٹ میں ترمیم اور بل پاس ہونے کے بعد لائن لاسز میں اضافہ ہوا ہے، درست بلنگ کی وجہ سے بھی فیڈرز پر لائن لاسز میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔