(ویب ڈیسک)بھارتی اداکارہ سارہ علی خان نے اپنے والد سیف علی خان اور والدہ امریتا سنگھ کی طلاق سے متعلق تبصرہ کیا ہے۔سارہ علی خان نے والدین کی طلاق کی ڈیڑھ دہائی بعد انکشاف کیا کہ دراصل ان کے والدین ازدواجی زندگی سے ناخوش تھے اور ان کے درمیان علیحدگی ناگزیر بن گئی تھی، جس کی وجہ سے وہ الگ ہوئے۔
ایک بھارتی ٹی وی شو میں سارہ علی خان کا کہنا تھا کہ یہ بہت آسان ہے کہ اگر آپ دیکھیں کہ آپ کے پاس دو راستے ہیں، آیا آپ ایک ہی گھر میں رہیں جہاں کوئی بھی خوش نہیں یا پھر علیحدہ رہیں جہاں سب اپنی زندگی میں خوش ہوں اور آپ جب بھی ملیں آپ کو ایک مختلف قسم کا پیار اور گرم جوشی ملے۔ میں اپنی والدہ کے ساتھ رہتی ہوں، وہ میری بہترین دوست ہیں اور میرے لئے سب کچھ ہیں۔
سارہ نے مزید کہا کہ میرے والد بھی ہیں جو ہمیشہ فون پر دستیاب ہوتے ہیں، میں جب چاہوں ان سے مل بھی سکتی ہوں۔ میں نہیں سمجھتی کہ وہ دونوں ایک ساتھ خوش تھے لہٰذا میرے خیال میں اس وقت علیحدہ ہوجانا ہی بہترین فیصلہ تھا۔
واضح رہے کہ سارہ علی خان چھوٹے خان کی سب سے بڑی صاحبزادی ہیں جو چند سال سے بولی وڈ میں کام کر رہی ہیں اور اب اپنا الگ مقام بنا چکی ہیں، انہوں نے رنویر سنگھ اور ورون دھون جیسے اداکاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔