ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں کالعدم تحریک لبیک کے سربراہ حافظ سعد رضوی کی دوبارہ نظر بندی کیخلاف درخواست سماعت کیلئے منظور ،سپیشل سیکرٹری ہوم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 اگست کو جواب طلب کرلیا
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمد شان گل نے حافظ سعد رضوی کے چچا امیر حسین کی درخواست پر سماعت کی، درخواستگزار کی جانب سے برہان معظم ملک ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔اور پنجاب حکومت، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ صوبائی نظر ثانی بورڈ نے نظربندی میں توسیع کا ریفرنس مسترد کردیا تھا۔نظر بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد انہی وجوہات پر دوبارہ نظر بند کردیا گیا۔پہلے تھری ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا، اب انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت نظر بند کردیا گیا ہے۔ درخواستگزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت دوبارہ نظر بندی کا حکم کالعدم قرار دے۔