( شاہد ندیم ) تبدیلی سرکار کی وجہ سے سوئی ناردرن گیس کمپنی میں ترقیاتی کام التواء کا شکار ہو گئے، گھریلو صارفین کو کنکشن کے حصول کیلئے ساڑھے تین سال تک انتظار کی سولی پر لٹکنا ہوگا۔
وفاقی حکومت نے سوئی ناردرن گیس کمپنی کو گھریلو صارفین کو کنکشن فراہم کرنے کے کوٹہ میں مسلسل دو سال سے کمی کر رکھی ہے، جس کی وجہ سے ترقیاتی کام التواء کا شکار ہوتے جا رہے ہیں، کیسز التواء کا شکار ہونے پر صارفین کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
دو سال سے سوئی ناردرن گیس کمپنی کو گھریلو صارفین کو کنکشن فراہم کرنے کے کوٹہ میں پچاس فیصد تک کمی کی گئی ہے، جس کی وجہ سے لاہور ریجن میں زیر التواء کیسز کی تعداد تین لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ اس وقت لاہور ریجن میں دسمبر دو ہزار سترہ تک جمع ہونیوالی درخواستوں پر کنکشن لگائے جا رہے ہیں جبکہ دیگر کو ارجنٹ پالیسی کے تحت جلد کنکشن لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب سوئی ناردرن گیس کمپنی لاہور ریجن کی ٹاسک فورس نے شاہ پور کانجراں کے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے دس گھروں میں گیس چوری پکڑ لی۔ جنرل مینجر لاہور ریجن طیب فیصل کی ہدایت پر چیف انجینئر شہزاد احمد کی نگرانی میں شاہ پور کانجراں کے علاقے میں آپریشن کیا گیا، جس کے نتیجے میں دس گھروں میں گیس چوری پکڑی گئی۔
سوئی ناردرن حکام کے مطابق مین سپلائی لائن سے بائی پاس نکال کر گیس چوری کی جا رہی تھی جس کے بعد غیر قانونی نیٹ ورک بچھا کر دس گھروں کو سپلائی دی گئی، ٹیم نے کنکشن منقطع کر کے بائی پاس کو سیل کر دیا جبکہ گیس چوروں کیخلاف محکمانہ و قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔