ملک محمد اشرف:لاہور کی احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر فرد جرم عائد کر دی، دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا۔
احتساب عدالت میں رمضان شوگر ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ نیب پراسکیوٹر نے کہا شہباز شریف اور حمزہ شہباز پر آج فرد جرم عائد ہونی چاہیے، قانون کے مطابق ملزمان کے وکلا کے پاس کوئی جواز موجود نہیں ہے، عدالت نے گزشتہ سماعت پر حکم دیا تھا کہ اگلی سماعت پر فرد جرم عائد ہونی ہے، ٹرائل کے دروان گواہوں کو عدالت میں پیش کریں گے۔وکیل حمزہ شہباز نے کہا ایک موقع دے دیں آج فرد جرم عائد نہ کریں، جس پر جج احتساب عدالت نے کہا یہ کیس بڑی دیر بعد فرد جرم کے لیے فکس ہوا ہے، اگر آپ 10 گھنٹے بھی بحث کریں گے میں سننے کے لیے تیار ہوں، آپ آج ہی دلائل مکمل کریں، فرد جرم سے متعلق فیصلہ آج ہی کرتے ہیں۔
دوسری جانب ن لیگ کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کااہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا ہے،پارٹی صدرشہبازشریف اجلاس کی صدارت کریں گے،صحت یابی کےبعدشہبازشریف کی زیرصدارت یہ پہلااجلاس ہے،اجلاس سینٹ بینکوئٹ ہال میں سہہ پہر 3بجکر 30منٹ پرہوگا۔
صدر ن لیگ کی طرف سے تمام ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ کواجلاس میں شرکت کی ہدایت کی گئی ہے،اجلاس میں ملکی مجموعی صورتحال پرتفصیلی تبادلہ خیال کیاجائیگا،شہبازشریف پارٹی کو مستقبل کے لائحہ عمل پراعتماد میں لیں گے،مہنگائی،بیروزگاری،معیشت کی تباہی ودیگر امور زیر غور آئیں گے،ترجمان ن لیگ کے مطابق قانون سازی سے متعلق امورکا جائزہ لیاجائیگا۔