(سٹی 42) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز نے نیب کے وارنٹ گرفتاری کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا،جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ 8 اپریل کو درخواست پر سماعت کرے گا۔
حمزہ شہباز نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی، درخواست میں ڈی جی نیب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نیب نے غیر قانونی طور پر چھاپہ مارا، ہائیکورٹ گرفتاری سے قبل نیب کو آگاہ کرنے کا کہہ چکی ہے،جس کیخلاف نیب نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا لیکن سپریم کورٹ نے ہائیکورٹ کے حکم کو معطل نہیں کیا۔
درخواست میں حمزہ شہباز کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت جاری کیے گئے وارنٹ گرفتاری کو فوری معطل کرے اور نیب کیخلاف توہین عدالت کی کا رروائی عمل میں لائے۔
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم نے حمزہ شہباز کی گرفتاری کیلئے ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کے گھر پر چھاپہ مارا تھا تاہم نیب ٹیم انہیں گرفتار کرنے میں ناکام رہی۔