(جنیدریاض)ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور کا بڑا اقدام،عرصہ دراز سے گریڈ 14 میں تعینات 216 خواتین اساتذہ کو گریڈ 15 میں ترقیاں دے دیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے 216 خواتین اساتذہ کو 50 فیصد کوٹہ کے تحت ترقیاں دی ہیں۔مذکورہ 216 خواتین اساتذہ کو ان سروس پروموشن کے تحت ترقیاں دی گئی ہیں۔خواتین اساتذہ ترقیاں ملنے کے بعد پی ایس ٹی سے ای ایس ٹی کے عہدے پر تعینات ہونگی۔ سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان نے اساتذہ کو ترقیاں دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان کا کہنا ہے کہ ترقی پانے والی خواتین اساتذہ کی سیس کےذریعے نئے سکول میں اپوئنٹمنٹ کی جائے گی۔دوسری جانب اساتذہ کا کہنا ہے کہ پی ایس ٹی اساتذہ کو ترقیاں دینا تاریخی فیصلہ ہے، جس پر سی ای او ایجوکیشن پرویز اختر خان کے شکر گزار ہیں۔
قبل ازیں سرکاری کالجوں کے 200 سے زائد اساتذہ کہ ترقیوں کے کیسز مسترد کریے گئے تھے، اساتذہ کی ادھوری اے سی آرز اور ریکارڈ مکمل نہ ہونے کی بناء پر ترقیاں روک دی گئیں تھیں۔ڈی پی آئی کالجز پنجاب کی جانب سے تمام ڈویژن کے ڈائریکٹوریٹ کالجز کے نام لکھے جانے والے مراسلے میں کہا گیاتھا کہ خواتین اساتذہ کی اسسٹنٹ پروفیسرز کے عہدوں پر ترقیاں روک دی گئی ہیں، جن اساتذہ کی ترقیوں کے کیسز مسترد کیے گئے ہیں ان کے ناموں کی تفصیلات ڈائریکٹر کالجز کو ارسال کر دی گئی ہیں۔
ڈی پی آئی کالجز کی جانب سے ہدایت جاری کی گئی تھی کہ مذکورہ اساتذہ کی اے سی آرز، بورڈز اور یونیورسٹی کے امتحانی نتائج کے ریکارڈ سمیت دیگر تمام ضروری تفصیلات ڈی پی آئی کو ارسال کی جائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب یونیورسٹی نے بھی 23 اساتذہ کو 21 ویں گریڈز میں ترقیاں دیں، ٹی ٹی ایس پر تعینات 83 اساتذہ کی تنخواہوں پرانکریمنٹ کی بھی منظوری دے دی ہے ۔