سرجری کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط مریضوں کیلئے درد سر بن گئی

سرجری کیلئے کورونا ٹیسٹ کی شرط مریضوں کیلئے درد سر بن گئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

جیل روڈ (زاہد چودھری) ٹیچنگ ہسپتالوں میں  سرجری کیلئے کورونا ٹیسٹ کی لازمی شرط مریضوں کیلئے درد سر بن گئی، صرف جناح ہسپتال میں سرجری کے مریضوں کو ہسپتال کی لیب میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت میسرہے۔

ذرائع کے مطابق میو ہسپتال، گنگا رام، سروسز، چلڈرن، پی آئی سی، جناح، جنرل، شیخ زید، لیڈی ولنگڈن، لیڈی ایچیسن، کوٹ خواجہ سعید، سید مٹھا، یکی گیٹ، میاں منشی اور شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں کورونا ٹیسٹ کی سہولت ہی دستیاب نہیں ہے جس سے سرجری کیلئے آنیوالے مریض علاج سے پہلے ٹیسٹ کروانے کیلئے دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ 

جنرل ہسپتال میں کٹس ختم ہونے کی وجہ سے کورونا ٹیسٹ نہیں ہورہے، جناح ہسپتال واحد سرکاری علاجگاہ ہے جہاں کورونا ٹیسٹ کی سہولت مریضوں کو میسر ہے۔ ٹیچنگ ہسپتال کورونا ٹیسٹ کیلئے نمونے حاصل کرکے محکمہ پرائمری ہیلتھ کی لیبارٹریز کو ٹیسٹ کرواتے ہیں لیکن ناقص کوآرڈینیشن سے یہ عمل بھی تاخیر سے دوچار ہے جس کا خمیازہ غریب مریض بھگتنے پر مجبور ہیں۔

 ذرائع کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کورونا کے 24 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی، پنجاب بھر میں کورونا کے 62 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، صوبے بھر میں کورونا کی تشخیص کیلئے چوبیس گھنٹوں کے دوران 8725 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 62 مریضوں کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہوئی جن میں سے لاہور میں 24 کیسز رپورٹ ہوئے اور ایک موت واقع ہوئی۔

 کورونا وبا کے دوران اب تک لاہور میں 48895 کیسز اور 854 اموات ہوچکی ہیں جبکہ پنجاب بھر میں 96983 کیسز اور 2205 اموات ہوچکی ہیں اور 92525 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کورونا وبا کی شدت کم ہورہی ہے تاہم فی الحال شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو جاری رکھنا ہوگا تاکہ وبا مکمل طور پر ختم ہوسکے،شہری کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب کریں، گرم پانی پیئں اور ماسک استعمال کریں۔  

 

Sughra Afzal

Content Writer