(ملک اشرف) لاہور ہائیکورٹ نے مال روڈ پر قائم تمام غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ زکو ختم کرنے اور پولیس کو عمل درآمد کرانے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی، اے سی سٹی صفدر ورک اور ہال روڈ یونین کے صدر شبیر لبھا پیش ہوئے، درخواستگزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ پارکنگ کے لیے مختص چھ کینال اراضی پر چند افراد نے قبضہ کر رکھا ہے، مال روڈ پر جگہ جگہ غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ زبنائے گئے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانگی متاثر ہو رہی ہے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈ زختم کرنے کا حکم دے۔
ہال روڈ یونین کے صدر شبیر لھبا نےکہاکہ وہ ہر قسم کا تعاون کریں گے، چند افراد نے پارکنگ کی جگہ پر قبضہ کر رکھا ہے۔
عدالت نے پولیس سے ہال روڈ اور بڈن روڈ کی چھ کینال اراضی پر قبضےسےمتعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔