لوئر مال (عرفان ملک) لاہوریوں کو نشے پر لگانے میں انٹرنیشنل مافیا ملوث، پولیس نے منشیات فروشی اور سپلائی میں ملوث 8 غیرملکی دھر لیے، گرفتار افراد کا تعلق نائجیریا اور چین سے ہے۔
منشیات کا زہر ہمارے معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے،لاہور جیسے بڑے شہر میں نوجوان تیزی سے منشیات کی لت میں مبتلا ہونے لگے، اہم شاہراہوں، چوراہوں اور نہر کنارے نوجوان ٹولیوں کی شکل میں نشہ کرتے نظر آتے ہیں، انکشاف ہوا ہے کہ اس مکروہ دھندے میں غیر ملکی بھی ملوث ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق شہر میں منشیات فروشی اور سپلائی میں انٹرنیشنل مافیا سرگرم ہے، پولیس نے انٹرنیشنل مافیا کے 8 غیر ملکی منشیات فروشوں کو دھر لیا، گرفتار نائجیرین اور چینی باشندوں میں بیلی سمتھ، چزوما، چیکوما ڈینیئل، سوہوئی چائنہ، ڈی ینگ، فیور اور یوان گوچائی شامل ہیں، رواں سال پولیس نے غیر ملکیوں سمیت 7210 منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جبکہ غیر ملکیوں کی گرفتاری سے وزارت داخلہ کو آگاہ کر دیا گیا۔