( عابد چوہدری ) ٹریفک پولیس نے حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کی عرس کی تین روزہ تقریبات کا ٹریفک پلان جاری کر دیا۔
حضرت علی ہجویری المعروف داتا گنج بخشؒ کے 977ویں سالانہ عرس مبارک کی تین روزہ تقریبات کا آغاز جمعہ سے ہورہا ہے۔ ایس پی سٹی کی نگرانی میں 5 ڈی ایس پیز،43 انسپکٹرز اور 541 وارڈنز تعینات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق زائرین اپنی گاڑی و موٹر سائیکل کو گریٹر اقبال پارک، ناصر باغ، موری گیٹ اور دربار آئی ہسپتال میں پارک کر سکتے ہیں۔
چہلم حضرت امام حسینؑ اور عرس کی تقریبات کے دوران سکیورٹی کے پیش نظر کچھ روڈز کو عام ٹریفک کیلئے بند رکھا جائیگا۔ رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئے 09 فوک لفٹرز اور 3 بریک ڈاؤن تعینات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک پلان کے مطابق شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک کو آزادی چوک سے ریلوے سٹیشن بھجوایا جائیگا۔
شاہدرہ سے لوئر مال آنے والی ٹریفک نیازی شہید چوک سے بند روڈ، سگیاں بھجوائی جائیگی۔ چوبرجی چوک سے لوئر مال، داتا صاحب آنیوالی ٹریفک کو ایم اے او کالج سے متبادل راستوں پر ڈائیورٹ کیا جائیگا۔ اسی طرح انر سرکلر روڈ سے آنیوالی ٹریفک موری گیٹ سے براستہ اردو بازار کچہری روڈ اپنی منزل کی طرف جاسکے گی۔