ملک اشرف: لاہور ہائیکورٹ میں ریجنل کرکٹ کلب ایسوسی ایشن کی ووٹرز لسٹوں میں تبدیلی کے خلاف کیس کی سماعت کی گئی، عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس علی اکبر قریشی نے کیس کی سماعت کی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیگل ایڈوائزر افضل رضوی نے بتایا کہ پی سی بی الیکشن قوانین کے تحت انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد ووٹرز لسٹ کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا. 31 جنوری 2018 کو انتخابی شیڈول جاری ہوا اور پانچ مارچ 2018 کو انتخابات کی تاریخ مقرر کی گئی، مگر فریقین کے درمیان قانونی جنگ شروع ہو گئی۔
پی سی بی وکیل کا مزید کہنا تھا کہ معاملہ عدالت میں آنے کی وجہ سے انتخابات نہیں کروائے جا سکے اور انتخابات کی تاریخ میں تبدیلی ہوتی رہی، عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ بادی النظر میں کلبوں کے معاملات میں پی سی بی کا کردار شفاف نظر نہیں آیا، اگر پی سی بی کے معاملات میں شفافیت ہوتی تو عدالتوں میں اتنی زیادہ تعداد میں معاملات نہ آتے، عدالتی حکم امتناعی کو ختم کرانے کے لئے پی سی بی کی طرف سے قانونی چارہ جوئی کیوں نہیں کی گئی۔