سعود بٹ: نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل میں شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ہے، سابق وزیراعلیٰ پر خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
تفصیلات کےمطابق مسلم لیگ ن کی قیادت پر ایک اور جمعہ بھاری پڑ گیا، قومی احتساب عدالت ( نیب ) نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو آشیانہ ہاؤسنگ اسکینڈل میں گرفتار کرلیا ہے۔شہبازشریف پر الزامات ہیں کہ آشیانہ ہاوسنگ اسکیم میں انہوں نے قواعد کے برعکس ٹھیکہ پیراگون ڈویلپرز کی پراکسی کمپنی کو دیا ۔ٹھیکہ دینے کے لئےمبینہ طور پر دباو ڈالا اورغیر قانونی ٹھیکے کے ذریعے خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا ۔
مزید دیکھیں:
مسلم لیگ ن کےصدر شہباز شریف کو نیب لاہور نے آج طلب کر رکھا تھا، وہ بیان ریکارڈ کرانے نیب آفس پہنچے جہاں انہیں گرفتار کر لیا گیا, شہبازشریف کی گرفتاری کے حوالے سے نیب نے اعلامیہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ اپوزیشن لیڈر کی گرفتاری سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔ نیب کے مطابق شہبازشریف کو ہفتے کو احتساب عدالت لاہور میں پیش کیا جائےگا۔لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کےپرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد اس کیس میں پہلے ہی گرفتار ہیں۔
یہ بھی دیکھیں:
خیال رہے کہ نیب کی جانب سےسابق وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک لیٹر لکھا گیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ آپ کے پاس کوئی اختیار نہیں تھا کہ صاف پانی کی فراہمی کے مستقل حل کے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرتےجبکہ پنجاب میں ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی شکل میں آپ کے پاس کو ئی تجربہ کار میکنزم موجود نہیں تھا، آپ نے کس کی سفارشات پر پراجیکٹ پڑھے بغیر صاف پانی کمپنی قائم کرنے کا حکم دیا تھا ،جبکہ صاف پانی کی فراہمی اور دیگر احکامات کو بھی نظر انداز کیا گیا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر و سابق وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو آشیانہ کمپنی کیس میں گرفتار کیا گیا ہے، ترجمان نیب کے مطابق شہباز شریف کو کل لاہور کی احتساب عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔
بیان فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ ابھی تو گرفتاریاں شروع ہوئی ہیں، یہ معاملہ دورتک جائے گا۔ یہ مقدمات نون لیگ کے اپنے دورِحکومت میں نیب نے قائم کیے تھے، حکومت اس معاملہ میں غیرجانبدارہے، حکومت نیب کومدداورتعاون فراہم کرنے کی تیارہے۔
بیان محمود الرشید
تحریک انصاف کے صوبائی وزیر ہاؤسنگ میاں محمود الرشید کا کہنا ہے کہ جو شہباز شریف نے بویا تھا وہی کاٹ رہے ہیں، نیب کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں جس کی بنیاد پر گرفتار کیا گیا۔
بیان رحمان ملک
سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ کسی بھی سیاستدان کی گرفتاری میں قانون کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے، میڈیا ٹرائل کی بجائے کورٹ ٹرائل ہونا چاہیے۔
بیان سعید غنی
رہنما پیپلز پارٹی سعید غنی کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو گرفتار کرنا نیب کو متنازع بنانا ہے، اپوزیشن لیڈر کو اس طرح گرفتار کیا جانا مناسب نہیں،صاف پانی کیس میں بلا کرآشیانہ کیس میں گرفتار کرنا درست عمل نہیں، فواد چوہدری کا بیان شہباز شریف سے ہمدردی کے مترادف ہے۔
بیان مریم اورنگزیب
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شہبازشریف کی گرفتاری کوانتقامی کارروائی قراردے دیا، ان کا کہنا ہے کہ احتساب کے نام پر انتقامی کارروائی کی جارہی ہے۔ مریم اورنگزیب کاکہناتھا کہ شہبازشریف کوبغیر کسی ثبوت کے گرفتارکیاگیا۔صاف پانی کیس میں بلاکرآشیانہ میں گرفتاری کی گئی، نااہل حکمران چاہتے ہیں ملک میں افراتفری پھیلے۔