( شاہد ندیم سپرا ) رائیونڈ میں عالمی تبلیغی اجتماع کا آغاز ہوگیا، امیر تبلیغی جماعت مولانا نذرالرحمان کے بیان سے اجتماع شروع ہوا۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ تبلیغی اجتماع کو ایک مرحلے تک محدود کیا گیا ہے جس میں لاہور سمیت آٹھ ڈویژنز سے تیس ہزار افراد شریک ہیں۔ اجتماع کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مولانا نذرالرحمان نے کہا کہ دین اسلام کے ترویج کے لئے امت مسلمہ کو گھروں سے نکلنا ہوگا، کورونا وائرس کی وجہ سے لاکھوں افراد اجتماع میں شریک نہیں ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ مرکز سے ملنے والی فہرست کے مطابق شہریوں کو اجتماع گاہ جانے کی اجازت دی جا رہی ہے، اس کیساتھ ساتھ اجتماع گاہ پہنچنے والوں کو واپس آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، قیام و طعام کا بھی اجتماع گاہ کی حدود میں انتظام کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پولیس اورسٹی ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی تمام انتظامات کو مکمل کیا گیا ہے، تبلیغی اجتماع کی اختتامی دعا اتوار کو صبح ہوگی جس کے بعد اجتماع اختتام پزیر ہوجائے گا۔