سرکاری نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے بری خبر

سرکاری نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے بری خبر
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سعید احمد سعید ) سرکاری نوکری کے خواہش مند بے روزگار نوجوانوں کے لیے بری خبر، ریلوے حکام نے گریڈ 5 تک کی 3 ہزار 2 سو 16 خالی اسامیوں پر بذریعہ قرعہ اندازی بھرتیوں کا عمل روک دیا۔

بے روزگار نوجوانوں کیلیے بُری خبر، اب سرکاری نوکریاں نہیں ملیں گئیں۔ ریلوے حکام نے بذریعہ قرعہ اندازی جاری بھرتیوں کا عمل روک دیا۔ ذرائع کے مطابق بھرتیاں محکمہ ریلوے میں اصلاحات کے نام پر روکی گئیں۔ سی ای او ریلوے کی جانب سے تمام ڈویژنوں کو مراسلے پہلے سے ہی جاری کیے جا چکے ہیں، اعداد وشمار کے مطابق محکمہ ریلوے میں گریڈ 1 تا 5 کی کل 8 ہزار7 سو 72 اسامیوں پر بذریعہ قرعہ اندازی بھرتیاں ہونا تھیں۔

ریلوے کی ساتوں ڈویژنوں میں 5 ہزار 62 اسامیوں پر بھرتیاں مکمل کی گئیں جبکہ 3 ہزار 2 سو 16 خالی اسامیوں پر بھرتی کا عمل روک دیا گیا۔ لاہور ڈویژن کی 258 اسامیاں، کراچی ڈویژن کی 1618، پشاور ڈویژن کی 584 اور کوئٹہ ڈویژن کی 542 اسامیوں پر بھرتی کو روکا گیا۔

ادھر ڈپٹی ڈائریکٹر پراپرٹی اینڈ لینڈ ریلوے نیلم توصیف کی ہدایت پر بادامی باغ ریلوے سٹیشن کے قریب ناجائز تجاوزات کیخلاف آپریشن کیا گیا، 14 مرلے کمرشل اراضی واگزار کرا لی گئی۔ جس کی مالیت 4 کروڑ 50 لاکھ ہے۔ آپریشن میں اسسٹنٹ انجینئر لاہور عبدالرحمان، انسپکٹر آف ورکس لاہور نمبر 1 محمد ارشد، ایس ایچ اوریلوے پولیس لاہور ملک عرفان اشرف، اے ایس آئی شاہدرہ دانش رضا اور پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیا۔

اس موقع پر ڈپٹی ڈی ایس شاہد عباس ملک نے  پوری ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ مستقبل میں بھی ایسے گرینڈ آپریشن کیے جائیں اور ریلوے کی زمین کو واگزار کرایا جائے تاکہ ریلوے زمین کو آکشن میں ڈالا جائے اور ریلوے کی آمدنی میں اضافہ کیا جاسکے۔