( عمران یونس ) پیپلز پارٹی پنجاب کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے دھرنے سے جمہوریت کو خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اس لئے دھرنے کی حمایت نہیں کرتے، قمر زمان کائرہ بولے عوامی دباؤ سے ہی حکومت کو چلتا کریں گے۔
پیپلز پارٹی پنجاب کی ایگزیکٹو باڈی کے اجلاس کے بعد صدر سنٹرل پنجاب قمرالزمان کائرہ نے دیگر پارٹی رہنماؤں چوہدری منظور، تسنیم احمد قریشی، ملک عثمان، بیرسٹر عامر، مولانا یوسف اعوان، رانا جمیل منج، امجد علی جٹ، اسلم گل کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت فاشسٹ ہے، رہی تو مزید فاشزم آئے گا، انہوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی شدید مذمت بھی کی۔
قمرزمان کائرہ نے پنجاب حکومت کے نئے بلدیاتی نظام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ سارہ نظام جماعتی بنیادوں پر ہونا چاہیئے، کہیں جماعتی کہیں غیر جماعتی چل نہیں پائے گا۔
قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا آصف زرداری شدید بیمار ہیں مریم بی بی کی ضمانت کے بعد امید ہے کہ فریال بی بی کی بھی انہی بنیادوں پر ضمانت ہو جائے گی۔