( عرفان ملک ) ڈاکووں کی موبائل فرنچائز پر لوٹ مار کے بعد پولیس بھی موبائل فرنچائز پر ہاتھ صاف کرنے لگی، بھاٹی چوک میں ڈی ایس پی شوکت کے نام پر پچانوے ہزار موبی کیش سے ٹرانسفر کروانے والا ایڈیشنل ایس ایچ او فرنچائز کے مالک کو پیسے دینے سے مکر گیا، ڈی آئی جی نے ایس پی سٹی کو انکوائری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
گذشتہ ماہ ایڈیشنل ایس ایچ او داتا دربار نے بھاٹی چوک میں قائم جیز فرنچائز پر خود جا کر فرنچائز کے مالک سید نقی سے اپنے موبائل پر ڈی ایس پی کی بات کروائی جس نے سید نقی کو مختلف تین نمبروں پر 95 ہزار ٹر انسفر کرنے کا کہا اور پیسے تھانے آکر لینے کی درخواست کی جس کے بعد فرنچائز مالک نے ڈی ایس پی سے رابطہ کیا تو ڈی ایس پی پیسے دینے سے مکر گیا۔
سید نقی کا کہنا تھا کہ اب وہ افسران کے دفاتر کے چکر لگا رہا ہے لیکن اس کی داد رسی نہیں ہو رہی۔ سید نقی کا کہنا تھا کہ ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس پی ایڈیشنل ایس ایچ او کی مدعیت میں جعل سازی کا مقدمہ اندراج کرنے کا کہہ رہے ہیں لیکن ان کا ملزم تو خود ایس ایچ او اور ڈی ایس پی ہیں جن کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا رہی ہے.
دوسری جانب ڈی آئی جی نے خبر نشر ہونے کے بعد ایس پی سٹی کو انکوائری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں جبکہ فرنچائز کے مالک کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج ہونے کے باوجود پولیس افسران کارروائی کرنے کے بجائے انہیں دباؤ میں لا رہے ہیں۔