در نایاب: کمشنر لاہور سیف انجم کی زیر صدارت پرائس کنٹرول اجلاس، کمشنر کا سرکاری نرخ ناموں کو باقاعدگی سے آویزاں کرنے کا حکم، خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرانے کا بھی حکم دے دیا.
کمشنر آفس دیو سماج روڈ پر اجلاس میں ڈی سی لاہور دانش افضال, اسسٹنٹ کمشنر مشتاق ٹوانہ، سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی شہزاد، ڈائرکٹر ایکسٹینشن ڈاکٹر شیر محمد، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر لاہور، سینئر ایڈمن آفیسر لاہور اور دیگر افسران نے شرکت کی ۔
کمشنر سیف انجم نے کہا کہ مخصوص حالات کے باعث چنداشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کو بھی روکا جائے۔ ہر پرائس مجسٹریٹ روزانہ کی بنیاد پر اپنی علیحدہ رپورٹ دیگا۔ مارکیٹوں اور ہر ٹھیلے و ریڑھی پر سرکاری نرخناموں کو نافذ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ منڈیوں میں نیلامی کو مارکیٹ کمیٹی و اے سی ز مانیٹر کریں۔
کمشنر لاہورنے کہا کہ حکومتی ادارے مارکیٹ میں قیمتوں کومکمل طور پر مانیٹر کر رہے ہیں۔ ناجائز منافع خوروں پر مقدمات کا اندراج کرائیں۔ کمشنر لاہور کا کہنا تھا کہ مارکیٹ میں اکثر اشیاء کی قیمتیں اعتدال پر موجود ہیں۔
دوسری جانب آج بھی شہر میں لیموں 400 سے 500 روپے فی کلو میں ہی فروخت ہوتے رہے جبکہ آلو 60 سے 70، پیاز 50 سے 60، ٹماٹر 30 سے 40، لہسن 300، ادرک 400 روپے فی کلو میں ہوتا رہا جبکہ پھلوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کرتی رہیں اور شہر میں امرود 200 سے 250، کیلا 100 سے 200 روپے، سیب 150 سے 300 روپے فی کلو میں ہی فروخت ہوتے رہے۔
مرغی کے گوشت کی قیمت میں بھی اضافے کا سلسلہ جاری ہے اور مرغی کا گوشت 5 روپے فی کلو اضافہ ہو گیا اور شہر میں مرغی کا گوشت 260 روپے فی کلو میں فروخت ہوتا رہا جبکہ گزشتہ تین روز میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 53 روپے فی کلو اضافہ ہوا ہے۔
شہریوں کاکہناہےکہ حکومت کوچاہیےکہ وہ ماہ رمضان میں عوام کو ریلیف دےتاکہ عام شہری ماہ رمضان میں باآسانی روزے رکھ سکیں۔