(حسن علی) صدر انجمن تاجران لاہور مجاہد مقصود بٹ نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، خط میں وزیر اعظم عمران خان سے کاروبار کھولنے کی اجازت دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
صدر انجمن تاجران لاہور کی جانب سے وزیر اعظم عمران خان کو لکھے خط میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے چھوٹے تاجروں کا برا حال ہے ، بیشتر تاجروں کے پاس جمع پونجی بھی ختم ہوچکی ہے جبکہ پورٹ پر کھڑے کنٹینروں میں پڑا مال خراب ہورہا ہے۔
مجاہدمقصودبٹ نے خط میں کہا ہے کہ ستر فیصد کرایہ دار دکانداروں کے گھروں میں فاقے ہیں، دکانداروں میں ملازمین کو تنخواہیں دینے کی بھی سکت نہیں ہے۔
انہوں نے وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ہول سیل مارکیٹوں کو صبح 8 بجے سے لیکر 2 بجے تک، ریٹیل مارکیٹوں کو دوپہر 3 بجے سے رات 8 بجے تک کھولنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں گے اور مارکیٹوں میں آنے والے کسٹمرز سے بھی عمل کروائیں گے۔
مجاہد مقصود بٹ نے خط میں مزید کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں کم از کم چھ ماہ کیلئے تاجروں کا ٹیکس معاف کیا جائے، شناختی کارڈ کی شرط کو ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔
مجاہد مقصود بٹ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ کنسٹریکشن انڈسٹری کی طرح تاجروں کوبھی ریلیف دیا جائے، اگرلاک ڈاؤن انسانی جانوں کو بچانے کیلئے انتہائی ضروری ہے، تو آدھا تیتر، آدھا بیٹر والا کام نہ کیا جائے، مکمل لاک ڈاؤن کر دیا جائے۔
دوسری جانب تاجر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئےآل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سیکرٹری جنرل نعیم میر نے کہا کہ لاہور چیمبر اور تمام تاجر تنظیموں نے 10 مئی سے کاروبار ازخودکاروبار کھولنے کا اعلان کیا ہے، 9 مئی کو حکومت از خود لاک ڈاؤن ختم کرنے کا اعلان کردے، ہم حکومت کے ساتھ نہ تصادم چاہتے ہیں اور نہ ہی حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنا ،ہم صرف اور صرف اپنا اور اپنے بچوں کا معاشی تحفظ چاہتے ہیں جو کاروبار کھولے بغیر ممکن نہیں رہا ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے ،ہم اس سے ملکر مقابلہ کریں گے، تاجروں کو بھی اپنے خاندان، گاہکوں اور پوری قوم کی جانیں عزیز ہیں، تاجر کورونا وائرس کے تمام ایس او پیز پر من و عن عمل کریں گے۔