( اکمل سومرو ) چین کی یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا کے سکالر شپ روک لیے گئے، پنجاب حکومت نے دو مہینے سے پاکستانی طلبا کو سکالر شپ کے پیسے جاری نہیں کیے، جس سے طلبا کی مشکلات بڑھ گئیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے چین کی سرکاری یونیورسٹیوں میں پنجاب کے 150 طلبا سکالر شپ پر زیر تعلیم ہیں۔ حکومت ہر ماہ طلبا کے فنڈز ایجوکیشن یونیورسٹی کے اکاؤنٹ میں منتقل کرتی ہے اور ایجوکیشن یونیورسٹی یہ فنڈز چین میں زیر تعلیم طلبا کے بینک اکاؤنٹس میں ٹرانسفر کرتی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے مارچ کے بعد سکالر شپ کے پیسے ایجوکیشن یونیورسٹی کو منتقل ہی نہیں کیے۔
طلبا کو سکالر شپ کے پیسے نہ ملنے سے تعلیم جاری رکھنے میں شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ چین میں زیر تعلیم پاکستانی طلبا نے حکومت کے خلاف احتجاجی بیان جاری کیے ہیں۔ متاثرہ طلبا کا کہنا ہے کہ دو مہینوں سے دوستوں سے پیسے اُدھار لے کر پڑھ رہے ہیں۔
پنجاب حکومت کی جانب سے چین کی سرکاری یونیورسٹی سے بی ایس آنرز چائینز لینگوئج میں کرنے کے لیے چار بیجز بھیجے جاچکے ہیں، حکومت کی جانب سے ان طلبا کو میرٹ پر چین بھیجا گیا ہے جنھیں اب سکالر شپ کے پیسے جاری نہیں کیے جارہے۔