ویب ڈیسک : اسپینش فٹبال کلب ریال میڈرڈ کو14 سال بعد خیر آباد کہنے والے فرنچ پلیئر کریم بینزیما نے بھی سعودی کلب سے مہنگا معاہدہ کر لیا ۔
برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ فرنچ فٹبالر کریم بینزیما کا سعودی کلب "الاتحاد "کے ساتھ کرسٹیانو رونالڈو سے بھی زیادہ مہنگا معاہدہ ہو گیا ہے۔ اسپینش کلب ریال میڈرڈ کو 14 سال بعد چھوڑنے والے کھلاڑی کے سعودی کلب سے معاہدے پر دستخط کی تصدیق بھی کی گئی ہے۔
ان سے پہلے دنیائے فٹبال کے چمکتے ستارے کرسٹیانو رونالڈو "النصر" کو جوائن کر چکے ہیں اور اب رونالڈو کے روایتی حریف سمجھے جانے والے لیونل میسی کے بھی سعودی کلب سے ریکارڈ مہنگے معاہدے کی اطلاعات ہیں.
بتایا جاتا ہے کہ سعودی فٹبال کلب "الاتحاد "نے مبینہ طور پر فرانسیسی فٹبالر کو 2 سالہ معاہدے کے لیے 214 ملین ڈالر سے زائد ادا کرنے کی پیشکش کی تھی۔ کریم بینزیما 2009 میں اولمپک لیونیس سے ریال میڈرڈ میں شامل ہوئے تھے، 2018 میں رونالڈو کے یووینٹس جانے کے بعد ان کا شمار کلب کے اہم اٹیکرز میں ہوتا تھا۔
کریم بینزمیا نے ریال میڈرڈ کے لیے 350 سے زائد گول سکور کیے اور وہ رونالڈو کے بعد کلب کے سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں دوسرے نمبر پر ہیں۔
سٹار فٹبالر سال 2022-23 کے سیزن میں وہ انجری کے شکار ہونے کی وجہ سے 42 مقابلوں میں محض 30 گول کرنے میں کامیاب ہوئے تھے،انہوں نے سپین کے دارالحکومت میں اپنے کیریئر کا اختتام کلب کے ساتھ ریکارڈ 25 ٹرافیوں کے ساتھ کیا، جس میں پانچ یورپی کپ، چار لا لیگا ٹائٹل اور تین کوپاس ڈیل رے شامل ہیں۔