ویب ڈیسک:وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اسلام آباد واپسی پر گرفتاری کا عندیہ دے دیا۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ عمران نیازی کواسلام آباد واپسی پرخوش آمدید کہتے ہیں۔ قانون کے مطابق ان کوسکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کیمطابق فراہم کی گئی یہی سکیورٹی عمران نیازی کو بڑی خوش اصلوبی سے گرفتار کرلے گی۔
ان کا کہنا ہے کہ عمران نیازی ملک میں ہنگامہ آرائی،فتنہ وفساد،افراتفری پھیلانےاوروفاق پرمسلحہ حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زائد مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں فساد برپا کرنے والا شخص کس طرح ایک جمہوری معاشرے میں ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے؟یہ پوری قوم کیلئے ایک لمحہ فکریہ ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کی آج خیبر پختون خوا سے اسلام آباد واپسی متوقع ہے۔ جس کے باعث پولیس کی جانب سے بنی گالہ میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چیئر مین پی ٹی آئی گزشتہ مہینے ملتان میں جلسہ کرنے کے بعد پشاور روانہ ہو گئے تھے۔ انہوں نے اپنے آزادی مارچ کا آغاز خیبر پختونخوا سے کیا تھا جبکہ مارچ سے اگلے دن وہ دھرنا موخر کرنے کے بعد دوبارہ پشاور روانہ ہو گئے تھے۔