جیل روڈ (زاہد چودھری، بسام سلطان، علی اکبر، عابد چودھری) کورونا بے قابو، لاہور ہائیکورٹ کےگریڈ سترہ کے آفس کوآرڈینیٹراصغر شاہین سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے، اب ماسک نہ پہننے اور تھوکنے پر500 جبکہ سماجی فاصلہ رکھنے پر 2 ہزارجرمانہ ہوگا۔
لاہور ہائیکورٹ کےگریڈ سترہ کے آفس کوآرڈینیٹراصغر شاہین کورونا وائرس کےباعث انتقال کرگئےجبکہ ایڈیشنل رجسٹرارجوڈیشل ہائیکورٹ عمران صفدر کورونا وائرس کےباعث مقامی ہسپتال میں داخل ہیں, ایسوسی ایٹ پروفیسر انستھیزیا ڈاکٹر حافظ مقصود گزشتہ ایک ہفتے سے سروسز ہسپتال میں زیرعلاج تھے، ایک روز طبیعت زیادہ خراب ہونے پر وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا مگر جانبر نہ ہو سکے اور گزشتہ روز خالق حقیقی سے جا ملے، ایڈمنسٹریٹر داتا دربار سکندر ذوالقرنین بھی کورونا سے جاں بحق ہوگئے، صوبائی وزیر انصر مجید خان بھی کورونا وائرس کا شکارہوگئے، ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آنے پر انہوں نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کرلیا، انصر مجید خان نے چند روز قبل پنجاب کے لیبر نمائندوں سے ون آن ون آن ون ملاقاتیں کیں تھیں۔
ینگ ڈاکٹرزایسوسی ایشن جنرل ہسپتال لاہور کے صدر ڈاکٹر عمار یوسف کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی، ڈاکٹر عمار یوسف نے خود کو گھر پر ہی قرنطینہ کرلیا۔ مسلم لیگ (ن ) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں نوید علی بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، جس کے بعد انہوں نے خود کو لاہور میں واقع رہائشگاہ پر آئسولیٹ کر لیا ہے۔ میاں نوید علی کا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت پہلے سے کافی بہتر ہے۔واضح رہے کہ 2 ارکان اسمبلی کورونا کے باعث انتقال بھی کر چکے ہیں۔
لاہور میں کورونا سے مزید 11 اموات کے علاوہ 24 گھنٹے میں 724 کیسز سامنے آگئے، شہر میں مصدقہ مریضوں کی تعداد 16 ہزار 329 ہوگئی، تشویشناک مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوگیا، ہسپتالوں میں داخل62 مریض وینٹی لیٹر پر منتقل،82 روز کے دوران شہر میں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 16329 اور 237 اموات ہوچکی ہیں۔
شہر کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں کورونا کے 559 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 89 آئی سی یو میں اور 62 وینٹی لیٹر پر ہیں اور کورونا کے سیریس مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔
پنجاب بھر میں کورونا سے مزید 38 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور 1615 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی ہے۔ صوبے بھر میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 619 ہوگئی ہے اور کیسز 31104 تک پہنچ گئے ہیں۔
دوسری جانب بغیر ماسک ڈرائیونگ پراب چالان ہوگا، لاہور پولیس نے 8 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ سی ٹی او سید حماد عابد نے کہا ہے کہ موٹر سائیکل اور گاڑی پر ماسک نہ پہننے والوں کو چالان ٹکٹ جاری ہوں گے، مشترکہ ٹیمیں مختلف مقامات پر کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والوں کیخلاف کارروائی کریں گی۔
سی ٹی او کا مزید کہنا تھا کہ کار میں ایک سے زائد سواروں کی صورت میں سب کیلئے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ کورونا ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ شہری اپنی اور دوسروں کی حفاظت کیلئے گاڑی اور موٹر سائیکل چلاتے وقت ماسک پہنیں۔