سٹی42: ملک میں بجلی بحران پر تاحال قابو نہ پایا جاسکا، شارٹ فال تقریباً ساڑھے 6 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
پاورڈویژن کے ذرائع کے مطابق شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے جس کے باعث بجلی کا شارٹ فال 6 ہزار 398 میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے۔
ملک میں بجلی کی طلب ریکارڈ 27 ہزار 144 میگاواٹ تک ہے جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 20 ہزار 324 میگا واٹ ہے۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 12گھنٹے اور دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 16گھنٹے سے تجاوز کرچکا ہے۔
نقصانات کے باعث 2 ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی ضائع ہورہی ہے۔زیادہ نقصانات والے علاقوں میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 18 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
پاورڈویژن کے ذرائع کے مطابق ٹرپنگ اور اوورلوڈنگ کے باعث بعض علاقوں میں گھنٹوں طویل لوڈشیڈنگ ہے۔ ملک کےبشتر فیڈرز پر ٹرپنگ ترسیلی نظام میں خرابیوں کا سامنا ہے۔
نجی شعبے کے بجلی گھروں 10ہزار 435، سرکاری تھرمل پلانٹس 1ہزار 616، پانی سے 5 ہزار 470، ونڈ اور جوہری پاور پلانٹس 2ہزار 364 میگاواٹ بجلی بنائی جارہی ہے۔