راؤ دلشاد حسین:تھیوراسک سرجری وارڈ کے سربراہ ڈاکٹر شعیب نبی کی قیادت میں خاتون طاہرہ انجم کی کمر سے 15 کلو گرام وزنی ٹیومر نکالا گیا۔ مریضہ کی علاج پر ایک پائی بھی خرچ نہیں ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق روزانہ سینکڑوں مریض مختلف امراض کی علامات کے ساتھ سروسز ہسپتال کا رخ کرتے ہیں۔ہسپتال کے تھیوراسک سرجری وارڈ میں زیر علاج طاہرہ انجم کو 12 سال سے کمر میں ٹیومر تھا۔۔ 2015 میں ٹیومر کا وزن 5 کلو ہو گیا تو ڈاکٹرز نے آپریشن کیا، لیکن بعد میں مرض دوبارہ بڑھنے لگا اور وقت گزرنے کے ساتھ ٹیومر کا حجم 15 کلو ہو گیا۔
اس مرتبہ کامیاب آپریشن سے مرض کا جڑ سے خاتمہ کیا گیا ہے۔ مریضہ طاہرہ انجم مالی حالات کے باعث علاج کی استطاعت نہیں رکھتی تھی۔ اس نے طبی سہولتوں پر ڈاکٹرز اور نرسز کا شکریہ ادا کیا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جسم پر ٹیومر ظاہر ہونے کی صورت میں فوری ہسپتال سے رجوع کریں تاکہ مرض بگڑنے سے پہلے وقت پر علاج کر لیا جائے۔