(شاہد ندیم سپرا)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا کردار غیر جانبدار ہوتا ہے،پاک فوج کو مضبوط بنانا پاکستان کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق منصورہ میں مجلس عاملہ کے دو روزہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ بھارت اژدھے کی صورت میں سرحدوں پر ہے، کئی گنا بڑے دشمن کے مقابلے کےلئے فوج اورقوم کو ایک پیج پر آنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشرقی پاکستان کا سانحہ ہمارے سامنے ہے، فوج کے ہاتھوں میں جدیداسلحہ دیکھنا چاہتا ہوں،پیٹ پر پتھر باندھ کر ان کو دیدیں،فوج کا تقدس اور خوشحالی غیرجانبدارانہ کردار میں ہی ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت نے اسلام آباد میں مندر کی تعمیر کا معاملہ اسلامی نظریاتی کونسل کوسونپا ہے، اسلام آباد میں پانچ مندر پہلے ہی موجود ہیں،پاکستان کا ٹیکس مندر کی تعمیر پر استعمال نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سمیت ہر حکمران سمجھتا ہے کہ ان کا متبادل نہیں ہے، فوج کی حمایت سے بننے والی حکومتیں کوئی رزلٹ نہیں دے سکیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جج ارشد ملک کے فیصلے سے فائدہ ان کے بچوں کو ہوگا۔