ن لیگی رہنما کے ارشد شریف کے قتل سے متعلق تہلکہ خیز انکشافات

Arshad Sharif
کیپشن: Arshad Sharif
سورس: City42
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے رہنما تسنیم حیدر نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق مزید تہلکہ خیز انکشافات کردیئے۔

تسنیم حیدر نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو نواز شریف اور مریم نواز نے مروایا، مریم نواز ان سے سخت نفرت کرتی تھیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے بتایا کہ ناصر بٹ نامی شخص نواز شریف اور مریم نواز کے لیے غیر قانونی کام کرتا ہے، صحافی کے قتل کے لیے پہلے مجھے بولا گیا تھا لیکن میں نے جواب دیا کہ میرے کینیا میں تعلقات نہیں جس کے بعد یہ کام کسی اور کو سونپا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے سے قبل ان کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی، تین لوگوں نے صحافی پر تشدد کیا اور پھر قتل کر دیا، ارشد شریف پر تشدد اور قتل کی ویڈیو مریم نواز کو بھیجی گئی، وہ ویڈیو میں نے خود ناصر بٹ کے فون پر دیکھی ہے۔

تسنیم حیدر نے دعویٰ کیا کہ اس متعلق حقیقت سامنے آنے پر نواز شریف اور مریم نواز پاکستان بھاگ جائیں گے، میں نے لندن پولیس کو ان کے پاکستان روانگی کے ارادے کے بارے میں بتا دیا ہے، پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں ایسے واپس جانے نہیں دیا جائے گا۔

گزشتہ سال 20 نومبر کو تسنیم حیدر شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ گزشتہ 20 سال سے مسلم لیگ (ن) سے منسلک ہوں، نواز شریف کے ساتھ حسن نواز کے دفتر میں 3 ملاقاتیں ہوئیں، مجھے میٹنگ کے لیے بلا کر بتایا گیا کہ ارشد شریف اور عمران خان کو قتل کرنا ہے، پہلی میٹنگ 8 جولائی، دوسری 20 ستمبر اور تیسری 29 اکتوبر کو ہوئی تھی۔

تسنیم حیدر نے بتایا تھا کہ مجھ کہا گیا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری سے پہلے ارشد شریف اور عمران خان کو راستے سے ہٹانا ہے، ناصر بٹ نے نواز شریف سے میرا تعارف گجرات کے مضبوط شخص کے طور پر کرایا تھا۔

خیال رہے کہ تسنیم حیدر نے ارشد شریف اور عمران خان پر قاتلانہ حملے کے معاملے پر لندن پولیس کو بیان بھی ریکارڈ کرایا ہوا ہے، گزشتہ سال 16 دسمبر کو انہوں نے بتایا تھا کہ ہیمرسمتھ پولیس اسٹیشن نے میرا بیان لے لیا، پولیس کو آج اپنے الزامات کے حق میں بیان ریکارڈ کرایا اور شواہد بھی دے دیئے۔