(یاور ذوالفقار) لاہور ہائیکورٹ بار میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 91ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا، ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آمریت پاکستان میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔
لاہور ہائیکورٹ بار میں شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 91ویں سالگرہ کے حوالے سے تقریب منقعد کی گئی، جس میں سابق گورنر پنجاب سردار لطیف خان کھوسہ، جنرل سیکرٹری پنجاب چودھری منظور، سابق رکن قومی اسمبلی ثمینہ خالد گھرکی، عزیزالرحمان چن، سردارخرم کھوسہ، افتخارشاہد، صدر سپریم کورٹ بارامان اللہ کنرانی، صدر ہائیکورٹ بار نور سمند خان، معروف قانون دان احسن بھون، عابد ساقی سمیت وکلا کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔
موسم کی خرابی کے باعث بلاول بھٹو زرداری نے وکلاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا، اس موقع پر انکا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے سب سے زیادہ قربانیاں پیپلزپارٹی نے دیں ہیں، شہید بےنظیر بھٹو کے نظریے پر قائم رہنا ہی موٹو ہے، بھٹو شہید کے کیس کو نظرثانی کی ضرورت ہے، ان کا قتل پوری قوم اور عدلیہ کے لیے سوالیہ نشان ہے، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے۔
انہوں نے قوم سے سوال کیا کہ ووٹ چوری کرنے والوں کا احتساب کب ہوگا؟ حکمران یوٹرن کو عظیم لیڈر کی نشانی سمجھتے ہیں، احتساب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال نہ کیا جائے، انہوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ لیک ہونا توہین عدالت ہے، یہ ملک آئین کے تحت ہی چلے گا۔