حافظ شہباز علی: لاہور میں رُستم پنجاب دنگل کا ٹائٹل سانول جھکڑ پہلوان نے جیت لیا۔
رائزنگ پنجاب گیمز میں رستم پنجاب دنگل اتوار کے روز ہوا۔رُستم پنجاب ٹائٹل کے لیے سانول جھکڑ اور اویس ٹائیرانوالہ کے درمیان مقابلہ تھا ، دونوں پہلوانوں کے درمیان مقابلہ 34 منٹ تک جاری رہا۔
سانول جھکڑ پہلوان نے اویس ٹائیرانوالہ کو پچھاڑ کر رُستم پنجاب دنگل کا ٹائٹل جیت لیا۔ 34 منٹ کے مقابلہ مین دونوں پہلوانوں نے اپنے بہترین داؤ ایک دوسرے پر آزمائے، دونوں میں اعلیٰ درجہ کی کشتی ہوئی، خوب زور آزمائی کے بعد آخر کار سانول جھکڑ بہتر سٹیمنا اور اعلیٰ درجہ کی مہارت کے سبب فتحیاب ہوئے۔
شیرِ پنجاب ٹائٹل کا فاتح
رائزنگ پنجاب گیمز میں شہزاد پچار پہلوان نے عدنان ٹائراں والا کو چت کرکے شیر پنجاب ٹائٹل جیت لیا۔ شہزاد پچار نے کنڈا داو لگا کر عدنان ٹائراں والا کو زیر کیا ۔ شیر پنجاب کی ٹائٹل کشتی میں منصف کشتی کے فرائض کالا پہلوان نےانجام دئیے۔
ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ڈاکٹرآصف طفیل کشتی کے ان مقابلوں کے مہمان خصوصی تھے۔ ڈائریکٹر سپورٹس یاسمین اختر، رانا ندیم انجم ،روف باجوہ ، عطاالرحمن اورچوہدری ظہور بھی شائقین کے ساتھ دنگل دیکھنے کے لئے موجود تھے۔
صدر پنجاب ریسلنگ ایسوسی ایشن ارشد ستار، صدر لاہور ریسلنگ ایسوسی مہر اکرم عرف کالا پہلوان دنگل کی نگرانی کی۔
چیئرمین دیسی کشتی کمیٹی ندیم پہلوان، قومی کوچ فرید علی پہلوان، حفیظ بھٹی اور دیگر دنگل دیکھنے کے لیے موجود تھے۔
رائزنگ پنجاب گیمز میں ٹائٹل کشتی سمیت 35 چھوٹی بڑی کشتیاں ہوئیں۔رُستم پنجاب سانول جھکڑ کو ساڑھے تین لاکھ روپے اور گرز دی گئی جبکہ رنر اپ اویس ٹائیرانوالہ کو ڈھائی لاکھ روپےکی انعامی رقم دی گئی۔