سٹی42: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے متوقع چیئرمین کے عہدہ کے متوقع امیدوار، پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ سید محسن رضا نقوی نے چئیرمین پی سی بی بننے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹیسٹ کرکٹر وہاب ریاض کو اپنی انتظامی ٹیم میں جگہ دینے کا عندیہ دے دیا۔
نگراں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نےجو اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن ہیں،پنجاب حکومت کی جانب سے ہونہار کھلاڑیوں کو نقد انعامات دینے کی تقریب میں مشیر کھیل وہاب ریاض کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاب ریاض نے پنجاب میں کھیلوں کے لیے بہت کام کیا ہے۔ انہوں نے پورا ایک سال بہت محنت سے اور لگن سے کام کیا ہے۔ وہاب ریاض وزیر اعلیٰ محسن نقوی کی ٹیم میں کھیلوں کے مشیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔
محسن نقوی نے تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے از راہ تفنن کہا، "وہاب ریاض نے کھیل کے مشیر کی حیثیت سے کھیلوں کے لئے جتنا کام کیا ہے کاش وہاب ریاض کرکٹ میں بھی تھوڑا سا کام کر لیتے" یہ وہاب ریاض کا کھیلوں کے ساتھ لگاؤ ہے جو یہ سوچتے رہتے ہیں کہ اسپورٹس مین کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا ہے اور یہ جو کیش پرائز دیئے جا رہے ہیں یہ کام بھی ان کی اسی سوچ کا حصہ ہے۔ "اس طرح کا لگاؤ ان کا کہیں اور بھی چاہیے تاکہ اس طرح کی کامیابی وہاں بھی آجائیں۔"
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چئیرمین کا انتخاب 6 فروری کو ہو رہا ہے اس انتخاب میں محسن نقوی بھی حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے انہیں ذکا اشرف کے استعفیٰ کے بعد پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کا چئیرمین بنانے کی پیشکش کی تھی لیکن انہوں نے عبوری مینیجمنٹ کمیٹی کے زریعہ بورڈ کو چلانے کی بجائے طریقہ کار کے مطابق بورڈ کے چئیرمین کا الیکشن کروانے اور منتخب ہو کر مکمل مینڈیٹ کے ساتھ کام کرنے کو ترجیح دی۔ اپنے گونا گوں تجربہ کی بیک گراؤنڈ کے ساتھ محسن نقوی پی سی بی کی چئیرمین شپ کے لئے پسندیدہ ترین امیدوار ہیں۔