ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران کو جیل بھرو تحریک کے بجائے شرم سے ڈوب مرنے کی تحریک چلانے کا مشورہ دیدیا۔
عمران خان کی جیل بھرو تحریک کی دھمکی پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ جیل بھرو تحریک میں سب سے پہلے قیادت گرفتاری دیتی ہے، عمران خان کیسز میں جواب دیں جیل خود بھر جائے گی۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ دو دن کی جیل میں رو پڑیں وہ جیل بھرو تحریک نہیں چلا سکتے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جیل بھرنے کی بات کرنے والا بزدل شخص چار ماہ سے ٹانگ پر پلستر چڑھا کر عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنا کر بیٹھا ہے۔
عمران خان کے جیل بھرو تحریک سے متعلق بیان پر مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ خان صاحب کو کسی نے جیل بھرو تحریک کا مطلب غلط بتایا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسی تحریک چلنے پر تمام زیر سماعت اور زیر التوا مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں واپس لی جاتی ہیں۔عطااللہ تارڑ نے سوال کیا کہ کیا خان صاحب فارن فنڈنگ کیس، سائفر کیس اور توشہ خانہ کیس میں ضمانت کی درخواستیں واپس لیں گے؟ کیا دیگر رہنما بھی جیل جائیں گے؟
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان اپنے خطاب میں کہا تھا کہ کارکنوں کو کہتا ہوں کہ جیل بھرو تحریک کی تیاری کریں، میرے سگنل کا انتظار کریں، جیل بھرو تحریک کی کال دونگا۔