سٹی42: یوکرین میں جاری جنگ میں روسی فوج کا ایک اور جنرل مارا گیا۔
یوکرین کی سرحد سے متصل روسی علاقے ورونیز کے گورنر نے تصدیق کی ہےکہ یوکرین کی فوج سے لڑائی میں میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی مارے گئے۔
میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی روسی آرمی کی 14 ویں کور کے ڈپٹی کمانڈر تھے اور ان کی ہلاکت روسی فوج کے ایک خصوصی آپریشن کے دوران ہوئی۔ روسی عہدیدار نے اس حوالے سے مزید تفصیل نہیں بتائی۔
جنرل ولادیمیر زاوادسکی یوکرین کی دو سالہ جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے ساتویں میجر جنرل ہیں جن کے مارے جانے کی روس کی جانب سے تصدیق کی گئی ہے۔روسی گورنر نے میجر جنرل ولادیمیر زاوادسکی کی موت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سابق ٹینک کمانڈر تھے، ان کی موت بھاری نقصان ہے۔
روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نےگزشتہ دنوں روس کی فوج کی نفری میں 15 فیصد اضافے کے حکم نامے پر دستخط کیے تھے جس کے بعد پرائیویٹ ملیشیا ویگنار مین کام کرنے والے بہت سے مرسینری جنگجوؤں کو روس کی قومی فوج میں شامل کر لیا گیا ہے۔ مبصرین کا کہنا ہے کہ یوکرائن میں بھاری جانی نقصان کے سبب روس کو فوج میں مزید بھرتیاں کرنا پڑ رہی ہیں۔
ایک بیان میں روسی صدر پیوٹن کا کہنا تھا کہ روس کو خصوصی فوجی آپریشن اور نیٹو کی مسلسل توسیع سے خطرات لاحق ہیں، اس وجہ سے روسی فوج کی طاقت میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔