ویب ڈیسک: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر جا ں بحق، جھنگ میں انتظامی اور سیاسی نمائندوں کی جانب سے واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے.
اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر اپنے آبائی گاؤں لنگرانہ میں مخالفین کی فائرنگ کے باعث جان کی بازی ہار گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کے جان بحق ہونے پر انتظامی افسران اور سیاسی نمائندوں سمیت سماجی تنظیموں کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ڈسٹرکٹ بار، تعلیمی ایسوسی ایشنز اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے عمران جعفر کے ورثاء سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری عمل میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھانہ لنگرانہ کی حدود میں فائرنگ سے اسٹنٹ کمشنر جھنگ عمران جعفر کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کو قانون کی گرفت میں لا کر مزید کارروائی کی جائے۔ افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
آئی جی پنجاب راؤ سردار نے آر پی او فیصل آباد سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ڈی پی او چنیوٹ کو موقع پر پہنچنے کا حکم دیتے ہوئےکہا کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔