(عمر اسلم) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے عوام سے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویزملک کو ووٹ دینے کی اپیل کردی۔
صدر مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں عوام بھرپور حصہ لیں، عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مہنگائی، معاشی تباہی اور بے روزگاری کا راستہ روکیں، عوام باتوں، دعووں اور نعروں کے فریب میں نہ آئیں، کارکردگی کو ووٹ دیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) ہی ملک اور عوام کو ریلیف دے سکتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پارٹی رہنما اور کارکنان عوام کو پولنگ سٹیشنز میں سہولت دینے کیلئے فعال رہیں۔
واضح رہےکہ این اے 133 میں ضمنی الیکشن کا میدان سج گیا، پولنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہے گا، 4 لاکھ 40 ہزار 485 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، ضمنی الیکشن کے لئے 245 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں، دوران پولنگ امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے جبکہ رینجرز اہلکار پولنگ اسٹیشن کے باہر موجود ہیں۔
این اے133کے انتخاب میں 11 امیدوارحصہ لے رہے ہیں تاہم ن لیگ کی شائستہ پرویز ملک اور پیپلزپارٹی کے اسلم گل میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، مذکورہ نشست مسلم لیگ ن کے پرویز ملک کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔