( بسام سلطان ) پنجاب حکومت کا لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کی اپ گریڈیشن کا فیصلہ، رواں مالی سال میں 15 کروڑ روپے کی لاگت سے سی ٹی سکین مشین کی خریداری کی منظوری دے دی۔
جنرل ہسپتال کے شعبہ ریڈیالوجی کو اپ گریڈ کرنے کیلئے 20-2019 میں سی ٹی سکین کی تنصیب کا کام مکمل کیا جائے گا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ وزیر صحت سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور پہلے سے موجود سیٹ اپ کی بہتری کیلئے ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کہتے ہیں لاہور جنرل ہسپتال میں موجود طبی سہولیات کی بہتری میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس سے پہلے سنگل سلائس سی ٹی سکین مشین نصب تھی جبکہ 128 سلائسز سی ٹی سکین کی تنصیب سے مریضوں کیلئے تشخیص کا عمل بہتر ہوگا۔ پروفیسر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا کہ ایل جی ایچ کے شعبہ بیرونی مریضاں اور ایمرجنسی میں روزانہ 8 ہزار کے لگ بھگ مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ پنجاب حکومت صحت کے شعبے پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔