مانیٹرنگ ڈیسک: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ان کے لیے اڈیالہ جیل میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں قید کیا جائے گا، انہیں اڈیالہ جیل کے لاک اپ میں ہائی سکیورٹی زون میں رکھا جائے گا، ضلع اسلام آباد کی اپنی جیل نہیں ہے،تمام قیدی اڈیالہ جیل ہی میں رکھے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں راولپنڈی سینٹرل جیل اڈیالہ انتظامیہ نے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالتی فیصلے کے مطابق سہولیات میسر ہوں گی۔ اسلام آباد پولیس چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل منتقل کرے گی۔
واضح رہےکہ سیشن جج اسلام آباد ہمایوں دلاور نے توشہ خانہ کیس میں دلائل کے لیے بار بار مواقع کے باوجود چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کے پیش نہ ہونے پر عمران خان کو 3 سال قید کی سزا اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔
جج ہمایوں دلاور نے کہا کہ عمران خان پر توشہ خانہ کیس ثابت ہوتا ہے لہذا انہیں سزا سنائی جاتی ہے اور ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
سیشن عدالت کی جانب سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے بعد لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کرلیا گیا۔