(عمر اسلم)صدرمسلم لیگ ن شہباز شریف کا اقوام متحدہ سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے کا مطالبہ کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی تنازعہ جموں و کشمیر پر قراردادوں پر عملدرآمد کرائے مقبوضہ جموں و کشمیر سے بھارتی فوج کا انخلاء کراکےاقوام متحدہ اپنی نگرانی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ استصواب رائے منعقد کرایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق صدرمسلم لیگ ن میاں شہبازشریف کاکہناہےکہ تنازعہ جموں و کشمیر کے حل تک اقوام متحدہ کی ساکھ پر سوال رہیں گے۔کشمیریوں کو ان کا جمہوری، قانونی اور اخلاقی حق نہ دینا دنیا میں جنگوں کی حوصلہ افزائی اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے ،او آئی سی کا اعلیٰ سطحی اجلاس بلایا جائے ۔بے گناہ اور نہتے کشمیریوں کا قتل عام جاری ہے اور دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
کشمیری نوجوانوں اور کم سن بچوں کو بھارتی عقوبت خانوں میں مظالم کا نشانہ بنایا جا رہا ہےاور کشمیریوں کی اپنی آزادی اور حقوق کے لئے آواز دبانے کے لئے جبرو استبداد کے بہیمانہ ہتھکنڈے اختیار کئے جارہے ہیں ،کشمیری خواتین اور بچوں پر مظالم پر عالمی اور انسانی حقوق کے ادارے بھارت حکومت کے خلاف پابندیوں کے نفاذ کا اقدام اٹھائیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف کا کہنا ہے کہ عالمی برادری قاتل مودی پر انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ چلائے۔عالمی برادری کی خاموشی کشمیریوں کو بندوق اٹھانے پر مجبور کر رہی ہے۔کشمیریوں نے پھر ثابت کیا کہ وہ اپنی آزادی پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔مودی بڑی غلط فہمی میں ہے کہ چالبازیوں، فوجی جبرواستبداد سے کشمیریوں کو جھکا لے گا ۔
کشمیریوں نے عظیم قربانیوں اور شہادتوں سے اپنے نصب العین کی حفاظت کی ہے۔برہان مظفروانی شہید سے لے کر ننھے سالار کے نانا تک کو ناحق گولیوں سے چھلنی کیا گیا،ہر کشمیری ”لے کر رہیں گے آزادی“ ”پاکستان سے رشتہ کیا؟ لاالہ اللہ“ کا ولولہ انگیز اعلان کررہا ہے،اپنے شہداءکوپاکستانی پرچم میں دفن کرکے کشمیری ہر روز دنیا کو بتارہے ہیں کہ وہ کیا چاہتے ہیں۔ہم کشمیریوں کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔
شہباز شریف کا کہناتھا کہ کشمیری دو قومی نظرئیے، پاکستان کی شہہ رگ اور تحریک تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں،ظلم کی سیاہ رات مٹ کر رہے گی ۔ اللہ رب ذوالجلال کا وعدہ ہے کہ ’حق غالب اور باطل مٹ کر رہے گا۔“سید علی گیلانی، یاسین ملک، آسیہ اندرابی، میر واعظ سمیت صعوبتیں برداشت کرنے والے کشمیریوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔بے مثال بہادری پر اہل کشمیر کو سلام پیش کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کشمیری قائدین کی بے مثال جدوجہد پرخصوصی اعزازات کا اعلان کرے،چوہدری غلام عباس مرحوم سمیت آزادی کشمیر کے قائدین، رہنماوں، کارکنان اور شہداءکی کاوشوں، قربانیوں اور سرفروشیوں کااعلی ترین سطح پر اعتراف کیاجائےہر سال 5 اگست کو یہ اعزازات دئیے جائیں اس دن کو ”سید علی گیلانی ڈے“ کے طورپر منایاجائے۔
عالمی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان آج کے ہٹلر اور اس کی نسل کشی پر آنکھیں بند نہ کریں،ظالم کے مقابلے میں مظلوم کا حق ہے کہ اپنے دفاع میں کسی بھی حد تک جائے،مقبوضہ جموں وکشمیر اور فلسطین کے عوام کوجمہوری وقانونی حق نہ ملنا، امریکہ و مغرب کی جمہوریت کے ساتھ وابستگی کے محض لفاظی ہونے کا ثبوت ہے،ہر پاکستانی کا نعرہ ہے کہ کشمیری پاکستانی ہیں، پاکستان کشمیر یوں کا ہے۔