(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کو پنجاب میں بڑا سیاسی دھچکا لگ گیا، ایم پی اے عظمی کاردار جہانگیر ترین گروپ میں شامل ہوگئیں۔
ذرائع کے مطابق حکومت کے نمبرزمیں سے ایک اور ایم پی اے کی کمی ہوگئی، پی ٹی آئی سے منتخب پنجاب اسمبلی کی رکن عظمی کاردار بھی ترین گروپ میں شامل ہوگئیں اور انہوں نے شمولیت کا باقاعدہ اعلانکردیا۔
اپنے بیان میں رکن اسمبلی عظمیٰ کاردار نے کہا کہ عمران خان کے رویے کی وجہ سے بہت دکھی ہوں، عمران خان سے جو توقعات تھیں وہ پوری نہیں ہوئیں، عمران خان نے پرانے ورکرز کی قدر نہیں کی، مجھ سمیت کئی اور ایم پی ایز بھی پارٹی سے الگ ہورہے ہیں، جہانگیر ترین کسی بھی پارٹی میں جائیں میں ان کے ساتھ رہوں گی۔
واضح رہےکہ3 اپریل کو ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد کو آئین کے منافی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا تھا ، جس کے بعد صدر مملکت عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کی تجویز پر قومی اسمبلی بھی تحلیل کردی، اب تین ماہ بعد عام انتخابات ہونگے ۔